عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دن کے گرم اوقات میں لوڈ شیڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے، حافظ حسین احمد شرودی

اتوار 18 مئی 2025 21:30

Tکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2025ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی مولانا سعیداحمد مولانا مفتی عبدالباقی بڑیچ مولانا قاری نظر محمد حقانی ،مولانا احمد جان ساسولی مولانا عبدالمجید ،مولانا محمد اکبر مینگل ،مولانا حاجی محمد عسی مولانا مفتی رضا خان مولانا محمد عثمان پرکانی ،سید نصیب اللہ آغا امین جان رند ، ملک روزی الدین عبدالباری بازء اور ڈیجٹیل میڈیا کے کوآرڈینیٹر، عبدالباری شہزاد جمعیت طلبہ اسلام ضلع کوئٹہ کے کنوینر حافظ حبیب الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر بالخصوص سریاب ہزار گنجی، کچلاک پشتون آباد خروٹ آباد ودیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ رات 10 بجے کے بعد گیس کی بندش اور شام 8 بجے بجلی کی مسلسل غیر موجودگی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے انہون نے کہا کہ بجلی کی بندش کے اس مختصر دورانیے میں گھروں میں کھانا پکانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، جس سے خاص طور پر خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہری علاقہ ہونے کے باعث بجلی کی عدم فراہمی گرمی کی شدت کو مزید بڑھا دیتی ہے، جس سے بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کی تکلیف میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

شہری طرز زندگی اور چھوٹے مکانات کی وجہ سے دن کے گرم اوقات میں بھی بجلی کی بندش عوام کے لیے ایک اذیت ناک تجربہ ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دن کے گرم اوقات میں لوڈ شیڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ اگر لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہے تو اسے عصر تا مغرب کے اوقات میں کیا جائے، تاکہ خواتین مغرب کے بعد اطمینان سے اپنے گھروں کے کام کاج اور کھانا پکانے سے فارغ ہو سکیں۔

بعد از مغرب بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو رات کے اوقات میں کچھ سکون میسر آسکے انہون نے کہا کہ متعلقہ حکام سے فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لینے اور لوڈ شیڈنگ کے غیر منصفانہ نظام کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ کچلاک سریاب و دیگر ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو ریلیف مل سکے۔