صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی گڈانی میں وڈیرہ عبدالحمید بلوچ کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سے تعزیت

پیر 19 مئی 2025 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) صدر آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے گڈانی میں سابق چیئرمین ضلع کونسل، سابق سینیٹر اور ممتاز قبائلی و سیاسی رہنما وڈیرہ عبدالحمید بلوچ کے انتقال پر ان کے صاحبزادے، چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی، جان شیر بلوچ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وڈیرہ عطاء اللہ بلوچ، وڈیرہ راشد بلوچ، سمیت دیگر قبائلی عمائدین، علاقائی معززین، سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے، جنہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور قبائلی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ میر علی حسن زہری نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ وڈیرہ عبدالحمید بلوچ ایک مدبر سیاستدان، مخلص قبائلی رہنما اور عوام دوست شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ علاقے کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ان کا انتقال نہ صرف بلوچ قوم بلکہ پورے بلوچستان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکے گی تاہم دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل اور مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔