سید موسی رضا کا تحصیل سٹی کا دورہ ، صفائی و نکاسی آب سمیت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

پیر 19 مئی 2025 12:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل سٹی کے مختلف علاقوں کا سوموار کو دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب سمیت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کےمطابق ان کے ہمراہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہال روڈ، دہلی گیٹ اور گرد و نواح کے علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بابر علی رائے نے ڈپٹی کمشنر کو جاری کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے صفائی، نکاسی آب اور تعمیراتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری سہولیات کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بجلی کی بکھری ہوئی تاروں کو منظم کرنے اور غیر قانونی تاروں کو فوری ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔سید موسی رضا نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے "کلین لاہور مشن" کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر جمع کیا جائے اور مخصوص ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کیا جائے۔گھر گھر کچرا جمع کرنے کی مہم کو بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی تاکید کی گئی جبکہ واسا کو نکاسی آب کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں کسی بھی مقام پر کچرے کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔