الخدمت نے پاپوش نگر میں 69ویں واٹر فلٹریشنپلانٹ کا افتتاح کردیا

افتتاح چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیک اور یوسی چیئر مین اقبال شیخ نے کیا ،افتتاحی تقریب میں معززین علاقہ کی شرکت

پیر 19 مئی 2025 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء) الخدمت کراچی کے ’’ واش پروگرام کے تحت پاپوش نگر میں 69 ویں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا گیا ۔افتتاح چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر واش پروگرام گوہر اسلام،یوسی چیئر مین اقبال شیخ ، قیم جماعت اسلامی ضلع وسطی سہیل زیدی و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

اس موقع منیجر واش پروگرام سعد اکبر ،الخدمت کے ذمہ داران اورعلاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت پورے شہر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہی ہے،الخدمت کے شہر میں مختلف علاقوں میں اس وقت 68 واٹر فلٹریشن پلانٹ قائم ہیں ، پاپوش نگر میں 69واں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا گیا ہے جو اہل علاقہ کو پینے کا صاف پانی ارزاں نرخوں پر فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹ پر دستیاب پانی عالمی معیار سے کسی طور کم نہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت شہر کے ہر علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو صاف پانی کے ذریعے محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاپوش نگر کی بڑی آبادی اس واٹر فلٹریشن پلانٹ سے استفادہ کرے گی۔

ڈائریکٹر الخدمت واش پروگرام گوہر الاسلام نے کہا کہ صاف پانی شہر کا ایک بڑا مسئلہ ہے لائنوں کے ذریعے گھر وں میں آنے والا پانی پینے کے قابل نہیں ہوتا، لہٰذا اس آلودہ پانی سے امراض جنم لیتے ہیں ۔اس سے بچاؤ کا طریقہ یہی ہے کہ قابل اعتماد جگہ سے پانی حاصل کریں کیونکہ صاف پانی ہی سے زندگی ہے۔گوہر الاسلام نے کہا کہ الخدمت کا واش پروگرام نہ صرف صاف اور معیاری پانی فراہم کر رہا ہے۔

بلکہ صاف پانی سے متعلق لوگوں میں شعور و آگہی کے لیے کام کر رہا ہے۔یوسی چیئر مین اقبال شیخ اورقیم جماعت اسلامی ضلع وسطی ،سہیل زیدی نے کہا کہ الخدمت جہاں دیگر شعبہ جات میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے وہیں، الخدمت صاف پانی کے شعبے میں بھی بھرپور کام کر رہی ہے ۔اہل خیر کو چاہیے کہ وہ ان منصوبوں میں الخدمت کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :