ڈیرہ مراد جمالی ،سٹی پولیس کی بڑی کارروائیاں، لاکھوں کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار، نقدی اور اسلحہ برآمد

پیر 19 مئی 2025 22:31

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) سٹی پولیس نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوے لاکھوں کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار کرکے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا، سنیل کمار اور بیوپاری نیازی سولنگی سے ہونی والی ڈکیتی میں ملوث ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار کرکے دونوں ڈکیتیوںسے رقم 10 لاکھ روپےبرآمد کرلی۔ سینئر صحافی کے بی منگی کے بیٹے سےچھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ۔

اے ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد طیب اقبال نے پولیس تھانہ سٹی ڈیرہ مراد جمالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کیپٹن (ر) عاصم خان کے احکامات اور ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو کی خصوصی ہدایات و نگرانی میں پولیس نے ڈکیتی کے دو بڑے مقدمات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ لاکھوں روپے کی نقدی اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایچ او سٹی سب انسپکٹر محمد عمر اعوان، انچارج سی آئی اے نصیرآباد سب انسپکٹر بہادر علی ڈومکی، ایس ایچ او صدر محمد مراد بھنگر، ایس ایچ او نوتال انسپکر مٹھا خان مغیری، ایس ایچ او وومن پولیس اسٹیشن میڈم عائشہ بی بی سمیت دیگر پولیس آفیسران موجود تھے، اے ایس پی محمد طیب اقبال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 01 مئی 2025 کو تین نامعلوم مسلح افراد نے سٹی تھانہ کی حدود میں واقع ہندو تاجر سنیل کمار کی دکان پر دھاوا بولتے ہوئے اسلحے کے زور پر 10 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی تھی ،اسی طرح 12 مئی 2025 کو مغربی لنگ روڈ، پولیس لائن کے قریب ایک اور واقعہ میں چار مسلح ملزمان نے معروف بیوپاری نیازی سولنگی سے 18 لاکھ روپے چھین لیے اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے ان وارداتوں کی تحقیقات اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے اے ایس پی سرکل سٹی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ایچ او سٹی اور سی آئی اے نصیرآباد و دیگر افسران شامل تھے 18 مئی 2025 شب کو خفیہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے سٹی تھانے کی حدود میں ناکہ جتوئی کے مقام پر کارروائی کی، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد ڈکیتی کی نیت سے موجود تھے پولیس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہونے لگے تاہم تعاقب کے بعد دو ملزمان کو قابو کرلیا گیا ،گرفتار ملزمان نے اپنی شناخت اصغر علی ولد داؤد اور شمس الدین ولد گل محمد کے نام سے کرائی، جن کا تعلق گوٹھ عبد الخالق بنگلانی، سندھ سے ہے ۔

ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور ایک ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل (سی ڈی 70 ماڈل 2024) برآمد ہوئی جو تھانہ سٹی کی حدود سے کے بی منگی کے بیٹے سے چھینی گئی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم اصغر علی نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں عبدالنبی عرف تندا اور یحییٰ ولد مقیم کے ساتھ مل کر 01 مئی کو ہندو تاجر سنیل کمار سے 10 لاکھ روپے لوٹ چکا ہے، جس میں سے 6 لاکھ روپے ان کے شریک ملزم صدر عرف ذاکر کے گھر، موضع مانجھوٹھی میں موجود ہیں اور ملزم شمس الدین نے اعتراف کیا کہ وہ 12 مئی کی واردات میں شریک تھا اور اس نے محمد پناہ عباسی، عبد الفتح بنگلانی اور وقار تنروانی کے ساتھ مل کر نیاز سولنگی سے 18 لاکھ روپے لوٹے تھے اس نے بتایا کہ اس کے حصے کی رقم 4 لاکھ 50 ہزار روپے بھی صدر عرف ذاکر کے گھر موجود ہے زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر پولیس پارٹی نے گوٹھ بنگلانی میں صدر عرف ذاکر کے گھر پر چھاپہ مارا پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی 10 سے 15 منٹ کی فائرنگ کے بعد دو ملزمان محمد حسن اور صابر بنگلانی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر تین ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ملزم ذاکر کے گھر سے ہندو تاجر سنیل کمار کی لوٹی گئی رقم میں سے 6 لاکھ روپے اور نیاز سولنگی سے چھینی گئی رقم میں سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے گئے، جبکہ دو ٹی ٹی پسٹلز بھی برآمد کرلئے گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ یہ گروہ شہر کی اہم ڈکیتیوں میں ملوث تھا ان کی انکشافات پر مزید برآمدگیاں اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔\378