چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ملاقات

پیر 19 مئی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی ) پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان بھر میں تعلیمی معیار، تحقیقی پیداواری صلاحیت اور ادارہ جاتی نظم و نسق کو بڑھانے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لئے پی ایچ ای سی کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور تعلیمی اور تحقیق میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی کمیشنوں اور اعلیٰ تعلیم کے محکموں کو پالیسی کی صف بندی اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے ذریعے مدد فراہم کرنے کے لئے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خان نے ایچ ای سی کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں میں کوالٹی ایشورنس کے طریقوں، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور طلبہ کی معاونت کی خدمات کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔فریقین نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی منظرنامے کی اجتماعی ترقی کے لئے اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔