جی ڈی اے کی کوششوں سے اولڈ ٹاؤن کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آرہی ہے ، مولانا ہدایت الرحمن

پیر 19 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف اللّٰہ کھیتران سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جی ڈی اے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل نے ایم پی اے گوادر کو جی ڈی اے کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت اور ان کے معیار سے متعلق آگاہ کیا، خصوصاً اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے" کے تحت جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر روشنی ڈالی، جن کی بروقت اور معیاری تکمیل سے مقامی عوام براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا ہدایت الرحمن نے ان منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے کی کوششوں سے اولڈ ٹاؤن کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آرہی ہے اور یہ امید کی جا سکتی ہے کہ جاری منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔ملاقات میں آئندہ مالی سال 2025۔26 کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی مشاورت کی گئی، جن میں خصوصاً ان علاقوں کو شامل کرنے پر زور دیا گیا جہاں ڈرینیج اور سیوریج کا نظام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے ان منصوبوں کو حتمی شکل دے کر متعلقہ حکام کو منظوری کے لیے بھیجنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد بھی موجود تھے۔