دنیا کی 761 این جی اوز کی غزہ پر اسرائیل کا محاصرہ ختم کرانے کی اپیل

یہ عمل ریاستوں کی قانونی ذمہ داریوں، اخلاقی جرات اور انسانی یکجہتی پر مبنی ہے،پٹیشن

منگل 20 مئی 2025 14:34

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)دنیا بھر کی 761 این جی اوز نے غزہ پر اسرائیل کا محاصرہ ختم کرانے کی اپیل کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ان امدادی گروپوں اور غیر سرکاری تنظیموں نے ایک اپیل پر دستخط کئے ہیں جس میں دنیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں قحط کو روکنے کے لئے اسرائیلی محاصرہ توڑ کر اور رفح کراسنگ کے ذریعے سفارتی انسانی امدادی قافلہ بھیجے۔

یہ کال 12 مئی کو فلسطینی سول سوسائٹی گروپوں نے شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

اس پٹیشن پر ایک دن میں 300 سے زیادہ تنظیموں نے دستخط کئے جن میں ہیومن رائٹس واچ جیسے ممتاز ادارے بھی شامل ہیں۔پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ہم ریاستوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ رفح کراسنگ پر پہلے سے غزہ میں داخلے کی اجازت ملنے کے منتظر امدادی سامان ٹرکوں کے ساتھ سرکاری سفارتی مشن بھیج کر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی قافلے میں شامل ہو جائیں اور ان کے ساتھ غزہ میں داخل ہوں ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل ریاستوں کی قانونی ذمہ داریوں، اخلاقی جرات اور انسانی یکجہتی پر مبنی ہے۔