Live Updates

بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید و زخمی معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کیلئ امدادی پیکج کی تقسیم شروع

منگل 20 مئی 2025 17:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کیلئے امدادی پیکج کی تقسیم وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق امدادی رقم کی تقسیم کے لئے پنجاب کے 14 اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے نام ضوابط جاری کر دیئے ہیں۔

پنجاب کے 14 متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو 343 ملین روپے جاری کئے گئے جنہیں شفاف انداز میں متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ یہ فنڈز ڈپٹی کمشنرز کے آسان اسائنمنٹ اکائونٹس میں منتقل کئے گئے ہیں تاکہ فوری اور موثر امداد ممکن ہو۔ فنڈز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شہدا کے لواحقین کو 1 کروڑ روپے، شدید زخمیوں کو 20 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تقسیم سے قبل ہر مستحق کی اہلیت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ امدادی رقم صرف جائز حقداروں اور شہدا کے قانونی وارثین کو ہی فراہم کی جائے۔ کسی تیسرے فریق کو ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات، چیک کی تقسیم کے ثبوت اور تمام ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سوگوار خاندانوں اور متاثرین کی ذاتی معلومات کو مکمل رازداری کے ساتھ محفوظ بنایا جائے۔ فنڈز کی تقسیم محکمہ داخلہ کی فراہم کردہ حتمی فہرست کے مطابق ہوگی اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی رقوم کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق متاثرین کو فوری طور پر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 14 متاثرہ اضلاع میں قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ اور راولپنڈی شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات