سپریم کورٹ نے فواد چوہدری کے خلاف 9 مئی کی ایف آئی آر یکجا کرنے کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ بھجوادیا

منگل 20 مئی 2025 17:36

سپریم کورٹ نے  فواد چوہدری کے خلاف 9 مئی  کی ایف آئی آر یکجا کرنے کا معاملہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی راہنما فواد چوہدری کے خلاف 9 مئی کی ایف آئی آر یکجا کرنے کا معاملہ واپس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا ۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کے خلاف 9 مئی مقدمات خارج کرنے کی درخواست کی سماعت منگل کو سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ بنچ نے دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی رٹ مسترد کرنے کی وجوہات نہیں دیں، عدالت کو اس ضمن میں وجوہات دینی چاہیے، ہم یہ معاملہ دوبارہ لاہور ہائیکورٹ کو بھیج رہے ہیں، ہائیکورٹ معاملہ پر دوبارہ سماعت کرکے سپیکنگ آرڈر پاس کرے۔