Live Updates

لاس اینجلس میں پاکستان امریکن چیمبرز آف کامرس کی جانب سے سفیر پاکستان کے اعزاز میں استقبالیہ

4 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 7.5 بلین امریکی ڈالر تھا اور پاکستان کی امریکہ کو برآمدات اس کی عالمی ترسیل کا تقریباً 20 فیصد ہیں، پاکستانی سفیر

منگل 20 مئی 2025 17:39

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)امریکہ میں سفیر ِ پاکستان رضوان سعید کے دورہ لاس اینجلس کے موقع پر پاکستان امریکن چیمبرز آف کامرس کی جانب سے سفیرپاکستان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیاجس میں پاکستانی امریکی کاروباری برادری کے ممتاز اراکین اور ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ملبوسات، خوراک و مشروبات، تعمیرات، اور وینچر کیپٹل سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنمائوں نے شرکت کی اور بات چیت میں حصہ لیا۔

لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر قرتہ العین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے پاک-امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 7.5 بلین امریکی ڈالر تھا اور پاکستان کی امریکہ کو برآمدات اس کی عالمی ترسیل کا تقریباً 20 فیصد ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے ا?ئندہ برسوں میں تجارت کے حجم کو مزید وسعت دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ایک متحرک اور مستقبل پر مبنی سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرتا ہے جو مسابقتی مراعات، نوجوان افرادی قوت، اور تیزی سے بڑھتے ہوئے انفراسٹرکچر پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر اسٹریٹجک طور پر واقع ہیں،جو 6 گھنٹے کی پرواز کے دائرے میں دنیا کی تقریباً نصف آبادی کیلئے ایک قدرتی تجارت اور ٹرانزٹ گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے۔

سفیر پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ہونے والی پیش رفت کو بھی اجاگر کیا جو سرمایہ کاری کی منظوریوں کو آسان کرنے ، ریگولیٹری کلیئرنس کو تیز کرنے، اور عوامی-نجی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع حکومتی اقدام ہے۔ انہوں نے امریکی کاروباری اداروں کو آئی ٹی، زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، اور مینوفیکچرنگ میں نئے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم نے حالیہ برسوں میں 700 ملین ڈالر سے زائد وینچر فنڈنگ حاصل کی ہے اور یہ مسلسل ترقی کر رہا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے اس لیے پاکستان نہ صرف 250 ملین صارفین کی منڈی ہے بلکہ یہ ایک ابھرتا ہوا جدت کا مرکز بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ میں پاکستان کا سفارت خانہ اور لاس اینجلس میں پاکستان کا قونصل جنرل اقتصادی سفارت کاری کے لیے پرعزم ہیں جو ان تمام امریکی سرمایہ کاروں جو قابل توسیع سپلائی چینز اور ابھرتی ہوئی علاقائی منڈیوں میں داخلے کے خواہاں ہیں کے لیے ایک قابل اعتماد طویل مدتی شراکت دار کے طور پر پیش کرتا ہے۔

شرکاء نے سمندر پار پاکستانیوں کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کو مضبوط کرنے، بہتر لاجسٹکس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے امریکی منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانے، اور امریکی چیمبرز اور پاکستانی صنعتی اداروں جیسے کہ ٹی ڈی اے پی، پی ایس ای بی، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سمیڈا کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔اپنے ریمارکس میں قونصل جنرل عاصم علی خان نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان پپل کا کردار ادا کر نے پر پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے امریکہ میں پاکستانی کاروباری افراد کی حمایت اور انہیں وطن میں شراکت داروں سے جوڑنے کے لیے قونصل خانے کے عزم کی توثیق کی۔پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس نے مستقبل میں وفود، سرمایہ کاری فورمز، اور تجارت کے فروغ کے ایونٹس، خاص طور پر کیلیفورنیا کے جدت کے راہداری میں جہاں بہت سے پاکستانی-امریکی کاروباری افراد پہلے سے ہی سلیکون ویلی، لاس اینجلس، اور سان ڈیاگو میں اپنی منفرد پہچان بنا رہے ہیں، کے انعقاد میں اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات