عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سانحہ 9مئی کے مقدمے میں مدعی کو11جون کو طلب کرلیا

منگل 20 مئی 2025 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سانحہ 9مئی کے مقدمے میں مدعی کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مدعی کو 11جون کو طلب کرلیا ہے ۔انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما راجا اظہر، خرم شیر زمان، فردوس شمیم نقوی، عالمگیر خان اور دیگر کی پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

مقدمے کے مدعی کی عدم حاضری پر عدالت برہم ہوگئی۔ عدالت نے مدعی مقدمہ کو 11 جون کو طلب کرلیا۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور فہیم خان نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی۔ عدالت نے دونوں کی ایک روز کے لیے درخواست منظور کرلی۔ سابق ایم پی اے عدیل احمد کو ایک عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ ملزمان کیخلاف نو مئی 2023 کو تھانہ ٹیپو سلطان کی حدود میں جلاو گھیراو اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔