"صاف ستھرا پنجاب "کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی انتظامات کئے جائیں گے،عبدالرزاق ڈوگر

منگل 20 مئی 2025 20:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صاف ستھرا پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید ایام میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹر کا عملہ گھر گھر آلائشوں کو اکٹھا کرکے محفوظ انداز میں ٹھکانے لگائے گا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملتان میں منعقدہ سول سوسائٹی اور تاجر نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سینئر منیجر آپریشن انوار الحق نے صفائی انتظامات اور کنٹریکٹرز کی جانب سے عید الاضحیٰ کے پلان پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ستھرا مہم کے تحت ملتان ڈویژن کی تمام یونین کونسلوں کو نجی سیکٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں عید الاضحیٰ پر نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا اور عوام کو ماضی کی نسبت بہتر صفائی نظام مہیا کیا جائے گا ۔

عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر آلائشوں کو کوڑے دانوں اور کنٹینرز میں ڈال کر شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں۔