Live Updates

تاجر نمائندوں کے تعاون سے اسلام آباد سے تجاوزات کا خاتمہ کریں گے ، ٹریڈ لائسنس کیلئے ایپ30 جون تک فعال ہو جائے گی ،ڈائریکٹر ڈی ایم اے

منگل 20 مئی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کے عہدیداران نے ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ سے ملاقات کی اور تجاوزات کے خاتمہ کے لئے تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر اجمل بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر نمائندوں نے شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے تعاون کیا ہے، چند جگہوں پر حائل رکاوٹیں دور کردی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کار شو رومز کے خاتمہ سے بھی تاجروں میں اضطراب ہے، اس کے لئے ڈسپلے ایریا کے لئے ڈی ایم اے سے ریلیف کی ضرورت ہے ،سٹیل اور آٹو مارکیٹ کے مسائل کچھ مختلف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریڈ لائسنس اور چالانوں کا مسئلہ بھی حل کرنے پر زور دیا ۔ ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ اسلام آباد سے تاجر نمائندوں کے تعاون سے تجاوزات کا خاتمہ کریں گے ۔

سٹیل مارکیٹ ،آٹو مارکیٹ اور شورومز کے نمائندوں سے چند روز میں الگ میٹنگ کریں گے جس میں بی سی ایس کے افسران بھی شامل ہوں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹریڈ لائسنس کے لئے ایپ جون تک متعارف کرا دی جائے گی، کرپشن کا ثبوت دیں سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وفد میں جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز ، سیکرٹری ٹریڈرز خالد چوہدری ، سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی ، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان ، سیکرٹری جنرل نعیم اقبال ، کراچی کمپنی کے صدر راجہ ذوالفقار سیکرٹری جنرل شاہد عباسی، جمعیت القریش کے صدر خورشید قریشی ، جنرل سیکرٹری سردار ظہیر، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ ، چیئرمین یاسر عباسی اور دیگر مارکیٹوں کے نمائندے موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات