احسن اقبال کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو مدتِ ملازمت میں توسیع پر مبارکباد

بدھ 21 مئی 2025 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو مدتِ ملازمت میں توسیع پر دلی مبارکباد پیش کی ۔ وزیر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت اور وژن نے پاکستان ایئر فورس کو ایک جدید اور مؤثر دفاعی قوت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اُن کی مدتِ ملازمت میں توسیع اُن کی بے مثال خدمات اور غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایئر چیف مارشل کی قیادت میں آپریشن "بنیان مرصوص" کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اپنے پیشہ ورانہ عزم اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی، نظام کی بہتری، اور مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول کے میدان میں ایئر چیف مارشل کا کردار مثالی رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے منگل کے روز متفقہ طور پر منظور کیا، جو اُن کی پیشہ ورانہ قابلیت اور قومی خدمات پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔