خضدار میں سکول بس پر خودکش حملہ، 4 بچے جاں بحق، 38 زخمی

زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس میں دھماکہ خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا؛ ڈپٹی کمشنر

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 10:28

خضدار میں سکول بس پر خودکش حملہ، 4 بچے جاں بحق، 38 زخمی
خضدار ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سکول کی بس تباہ ہوگئی، اس حملے میں بس میں سوار 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنر خضدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بس پر خودکش حملہ کیا گیا، سکول بس میں دھماکہ خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، جس کے نتیجے میں سکول بس میں سوار 4 بچے جاں بحق ہوئے، 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، اس حوالے سے جیسے ہی مزید معلومات سامنے آتی ہیں تو انہیں میڈیا اور عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر سکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکی گھناؤنی سازش ہے، 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا ہے۔