Live Updates

بی ایل اے اور ٹی ٹی پی دونوں بھارت کی پراکسیز ہیں

ہندوستان انہیں پیسا دیتا ہے اور یہ خون ریزی کرتے ہیں، بچوں کو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنارہا ہے،ہم دہشتگردوں کو پوری طاقت کے ساتھ کچل دیں گے۔ وزیردفاع خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 23:05

بی ایل اے اور ٹی ٹی پی دونوں بھارت کی پراکسیز ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 مئی 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہندوستان ان کو پیسا دیتا ہے اور وہ یہاں خون ریزی کرتے ہیں، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی دونوں بھارت کی پراکسیز ہیں ۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی ایل اے مکمل طور بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کررہی ہے ،بی ایل اے اور ٹی ٹی پی دونوں بھارت کی پراکسیز ہیں ، ہندوستان ان کو پیسا دیتا ہے اور وہ یہاں خون ریزی کرتے ہیں، ہم خضدار واقعے پر جو بھی کہہ رہے ہیں اس کے ثبوت پیش کریں گے، اس سے زیادہ بڑی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ بھارت چھوٹے بچوں کو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی دہشتگردی کے ثبوت دنیاکے سامنے رکھ سکتے ہیں، ہم جو کہہ رہے ہیں وہ ثابت کریں گے یہ کوئی خالی بات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم دہشتگردوں کو پوری طاقت کے ساتھ کچل دیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت سے جب بھی بات ہوگی تو پانی اور دہشتگردی سمیت 4 معاملات پر ہوگی، جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ فوج کا نہیں حکومت کا ہے۔

انہوں نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آ رہے ہیں، جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے اور کسی کی ہار ہوتی ہے، جنگ مسائل کا مستقل حل نہیں بلکہ دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ جنگ میں اسرائیل نے بھارت کی بہت زیادہ مدد کی، بھارت نے سری نگر اور دیگر مقامات پر اسرائیلی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں، مساجد کو شہید کیا گیا۔ اجلاس اپنے تمام شہدا کو عقیدت کے پھول پیش کرتا ہے، اْن کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو خراج تحسین اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات