Live Updates

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ فوج کا نہیں حکومت کا ہے

بھارت کیخلاف جنگ جیتنے کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے، بھارت سے جب بھی بات ہوگی تو پانی اور دہشتگردی سمیت 4 معاملات پر ہوگی ، وزیرِاعظم شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 22:07

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ فوج کا نہیں حکومت کا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 مئی 2025ء ) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت سے جب بھی بات ہوگی تو پانی اور دہشتگردی سمیت 4 معاملات پر ہوگی، جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ فوج کا نہیں حکومت کا ہے۔ انہوں نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آ رہے ہیں، جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے اور کسی کی ہار ہوتی ہے، جنگ مسائل کا مستقل حل نہیں بلکہ دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔

جنگ میں اسرائیل نے بھارت کی بہت زیادہ مدد کی، بھارت نے سری نگر اور دیگر مقامات پر اسرائیلی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں، مساجد کو شہید کیا گیا۔

اجلاس اپنے تمام شہدا کو عقیدت کے پھول پیش کرتا ہے، اْن کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو خراج تحسین اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔ اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت پاک فوج کے افسران، جوانوں، انٹیلی جنس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کی عسکری مہارت اور دفاع وطن کے بے مثال جذبے سے پاکستان اور چوبیس کروڑ پاکستانی سربلند ہوئے۔

اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے تاریخ کے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر وفاقی حکومت کی راہنمائی کی اور اپنے تجربے کی روشنی میں مسلسل مشاورت سے دفاع وطن اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالا۔ اجلاس وزیراعظم محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے، معاشی اور سیاسی استحکام لانے اور بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران دفاع وطن کے تقاضے نبھانے میں تاریخی قائدانہ کردار ادا کیا، سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ بہترین نظم پیدا کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا۔

بھارت کی اشتعال انگزیوں کے باوجود نہایت تدبر، حوصلے اور ضبط وتحمل سے بروقت اور درست فیصلے کئے۔ عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور عسکری، عوامی اور سیاسی وجود کو یکجان کرکے پوری قوم کو ایک وحدت بنادیا۔جلاس خاص طورپر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، بھارتی کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کی بہادری، بہترین عسکری حکمت عملی کی تیاری پر فیلڈ مارشل کا اعلی ترین عسکری اعزاز دینے کو سراہتا ہے۔

غیرمعمولی عسکری اعزاز پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارک دیتے ہوئے سمجھتا ہے کہ یہ اجتماعی طورپر افواج پاکستان کی بہادری کے اعتراف کا مظہر ہے۔ اجلاس وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے عوامی اور انتظامی محاذ پر بروقت فیصلے کئے۔ ایک طرف قوم کا جذبہ بڑھایا، بھرپور عوامی حمایت سے مسلح افواج کے جذبے بڑھائے، پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، ہسپتال اور دیگر اداروں کو ہنگامی حالات کے لئے بروقت مستعد اور تیار کیا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے عوام کی بروقت طبی امداد کے لئے بہترین انتظامات کئے۔ اجلاس امتحان کی اس گھڑی میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے تدبر اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہے جو آزمائش کی گھڑی میں ایک وجود بن گئی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سراہتی ہے جنہوں نے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات