Live Updates

پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور اسلام دشمن عناصر ملوث ہیں

وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، حکومت خضدارواقعہ میں ملوث عناصر کو بےنقاب کرکے کٹہرے میں لائے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 21:04

پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور اسلام دشمن عناصر ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 مئی 2025ء ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے خضدار بلوچستان میں سکول بس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا اور یہ بزدلی اور ظلم کی انتہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اسے یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات سے ہر پاکستانی مضطرب ہے، ملک میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے، امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور اسلام اور پاکستان دشمن عناصر ملوث ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکومت سکول بس حملے میں ملوث مجرموں اور ان کے پشت پناہوں کو منظرعام لائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد اور کابل بامعنی مذاکرات کریں، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی قابل قبول نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیاں دور کی جائیں اور انھیں ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید برآں نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کی بھارت کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی ہی بڑا قومی فخر ہے۔ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے کا اعزاز بھی قومی اعزاز ہے۔ یہ امر بہت واضح ہے کہ جنرل ایوب خان ازخود فیلڈ مارشل بن گئے تھے جبکہ جنرل عاصم منیر کو حکومت نے فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا ہے۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر آئین اور جمہوریت کو بھی بالادست بنادیں تو نوبل انعام کے بھی حق دار بن جائیں گے۔ نریندر مودی کو شکست نے حواس باختہ کردیا ہے، مودی کی فرسٹریشن بھارت کو مزید تباہ کرے گی۔
بھارت جِس بدترین شکست سے دوچار ہوا، اِس سے عالمی، علاقائی اور ملکی اندرونی محاذ پر اس کا غرور اور بالادستی کا ڈھونگ چکنا چور ہوگیا ہے، بھارتی اقلیتوں بالخصوص مساجد، مدارس کی مسماری، اذان جیسے پرامن مقدس دینی عمل پر پابندی نے اسے اللہ کے غیض و غضب کا شکار کرکے نشانِ عبرت بنایا ہے، اب بھارت کی 7 شمال مشرقی ریاستیں اور خالصتان کی آزادی کی تحریکیں نیا رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی حقِ خودارادیت کے حصول کی تحریک نئے دور میں داخل ہوگی۔

بیرونِ ملک دوروں کے لیے تشکیل دیے گئے وفود کو مضبوط قومی حکمتِ عملی اور بیانیہ سے مسلح کیا جائے تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پوری جرآت اور دلائل کی طاقت کیساتھ پیش کیا  جاسکے۔ بیرونی دورے پاکستان کے لیے مفید ہونگے، بھارتی چہرہ بے نقاب ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات