Live Updates

پاکستان: یونیسف کی سکول بس پر حملے اور ہلاکتوں کی کڑی مذمت

یو این بدھ 21 مئی 2025 21:45

پاکستان: یونیسف کی سکول بس پر حملے اور ہلاکتوں کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سکول کی بس پر ہولناک حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں چار بچوں سمیت چھ افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوئے ہیں جن میں متعدد کی حالت نازک ہے۔

یونیسف نے ہلاک ہونے والے بچوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ کہیں بھی کسی بچے کے لیے سکول جانا خطرناک نہیں ہونا چاہیے تاہم پاکستان میں بہت سے بچوں کے لیے یہ دل شکن حقیقت ہے۔

یہ بچے اپنے دوستوں کے ساتھ حصول تعلیم کے لیے معمول کے سفر پر تھے لیکن تشدد کے وحشیانہ فعل کا نشانہ بن گئے۔ اس واقعے میں ان بچوں کی زندگیاں، خواب اور مستقبل بکھر گئے اور بہت سے خاندانوں پر تباہی آئی۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے اس واقعے میں زندہ بچ جانے والے متاثرین کو تاعمر اس کے جسمانی و جذباتی اثرات کاسامنا رہے گا۔

یونیسف نے کہا ہے کہ بچوں کو کسی بھی طرح کے حالات میں تشدد کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے اور انہیں درپیش غیرضروری مصائب کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

بلوچستان کے شہر خضدار میں یہ حملہ آج صبح اس وقت ہوا جب بچوں کو سکول لے جانے والی بس انہیں شہر کے مختلف مقامات سے اٹھا رہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق جب بس شہر کے مرکز سے تقریباً 10 کلومیٹر دور زیرو پوائنٹ پر پہنچی تو اس کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات