لاہور، کینال روڈ پر جوہر ٹاون کے قریب گاڑی نہرمیں گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق

حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کرگاڑی میں سوار افراد کو باہر نکالا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 21 مئی 2025 11:04

لاہور، کینال روڈ پر جوہر ٹاون کے قریب گاڑی نہرمیں گرنے کے باعث تین افراد ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 مئی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میںکینال روڈ پر جوہر ٹاون کے قریب گاڑی نہرمیں گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے،ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکالا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، ریسکیو نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو اہلکاروں نے بڑی کوشش کے بعد گاڑی کو نہر سے نکالا۔

حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق حادثے میں کار سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق افراد کی لاشیں نہر سے نکال کر جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔تینوں افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

پولیس اور ریسکیو حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔نہر میں ڈوبنے والے تینوں افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں تاہم ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔پولیس اور ریسکیو حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی نہر میں کسی تکنیکی خرابی یا ڈرائیور کی غفلت کے باعث گری۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور میں ڈمپر نے 3 رکشوں اور دو موٹرسائیکلوں کو کچل دیاتھا۔ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک حادثہ باغبانپورہ جی ٹی روڈ آخری منٹ کے قریب پیش آیاتھا جہاں ڈمپر نے 3 رکشوں اور دو موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیاتھا حادثے کے بعد تیز رفتار ڈمپر الٹ گیا جبکہ ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیاتھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔اسی طرح رحیم یار خان میں وائر لیس پل کے قریب موٹرسائیکل سوار طالبہ ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق طالبہ موٹرسائیکل خود چلا رہی تھی، حادثہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیاتھا۔ نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔