شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں 18 واں اکیڈمک کونسل اجلاس ، مختلف اہم امور پر غور و خوض کیا

بدھ 21 مئی 2025 16:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وائس چانسلرشہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی صدارت میں18 واں اکیڈمک کونسل کا اجلاس یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران تعلیمی پالیسیوں اور اکیڈمک معیار کی بہتری سے متعلق مختلف اہم امور پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں نئے نصاب کی منظوری، داخلہ پالیسیوں میں ترامیم، تحقیق کے فروغ اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے اپنی تقریر میں یونیورسٹی کی مجموعی ترقی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور عالمی سطح کے تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمک کونسل کا بنیادی مقصد تعلیم کے میدان میں اعلیٰ معیار قائم کرنا، تحقیق کے ماحول کو فروغ دینااور طلبہ کے لیےسیکھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک رجسٹرار سہیل مشتاق سومرو، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی زرداری، پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر، پروفیسر محمد افضل کمبوہ، مختلف شعبوں کے چیئرمین، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز کیمپسز کے فوکل پرسن، انتظامی افسران، ایفلی ایٹڈ کالجز کے پرنسپلز اور دیگر اکیڈمک کونسل ممبران نے کہا کہ اکیڈمک کونسل جیسی سرگرمیاں نہ صرف یونیورسٹی کی اندرونی پالیسیوں کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ طلبہ کے مستقبل کو روشن بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔