Live Updates

فیلڈ مارشل کا رینک صرف ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک قومی بیانیہ ہے،خواجہ دلاور

بدھ 21 مئی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)مسلم کانفرنس صوبہ کے پی کے کے صدر خواجہ دلاور نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز قوم کی جانب سے اپنی سپاہیانہ قیادت پر مکمل اعتماد کی علامت ہے۔ خواجہ دلاور نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا رینک صرف ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک قومی بیانیہ ہیظایسا بیانیہ جو قربانی، وژن، اصول پسندی اور جرات مندی سے عبارت ہے۔

جنرل عاصم منیر کی قیادت نے داخلی و خارجی چیلنجز کے دوران جس یکسوئی، بہادری اور فہم کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری عسکری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے ''آپریشن بنیان مرصوص'' کو ایک فیصلہ کن کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے نہ صرف دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا بلکہ دنیا کو بھی یہ باور کروایا کہ پاکستان ایک منظم، باصلاحیت اور ہمہ وقت تیار دفاعی طاقت ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ دلاور نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے واضح اور غیر مبہم موقف ہمیشہ کشمیریوں کے لیے حوصلے اور امید کا باعث رہا ہے۔ اُن کے الفاظ مظلوموں کی آواز بن کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قیادتیں جو میدان جنگ میں جانبازی اور ایوانوں میں بصیرت کے ساتھ قوم کی نمائندگی کریں، وہ تاریخ میں امر ہو جاتی ہیں۔ فیلڈ مارشل کا یہ اعزاز پوری قوم کے جذبے، اتحاد اور قومی شعور کی فتح ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات