آزاد کشمیر رینجرز پولیس جذبہ جہاد سے سرشار اگلے مورچوں پر پاک فوج کے شانہ بشانہ ہردم تیار

بدھ 21 مئی 2025 16:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)ایس پی رینجرز پولیس آزاد کشمیر سردار اسرار الحق تواتر سے ایل او سی کے متعدد سیکٹرز کا دورہ کر رہے ہیں.گزشتہ دنوں انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار اور ڈی آئی جی صدر مقام عرفان مسعود کشفی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی رینجرز سردار اسرار الحق نے لائن آف کنٹرول حویلی کے اہم سیکٹرز کیرنی، مندہار، چڑی کوٹ اور سھیڑیاں، ہجیرہ تیتری نوٹ،عباسپور، رکڑ، ناظر اور مدارپور کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران رینجرز پولیس کے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ون ٹو ون ملاقات کی۔سردار اسرار الحق نے ان کی خدمات، تیاری اور حوصلے کا جائزہ لیا۔حالیہ کشیدگی کے دوران بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی اور آئندہ کے لیے اس تسلسل کو جاری رکھنے کی ہدایات بھی دیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران مختلف مورچوں پر تعینات رینجرز پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے سمیت ان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ''رینجرز پولیس کے جوان وطن کی سرحدوں کے دفاع میں جس جذبے، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ قابل فخر ہے۔''پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ رینجرز پولیس کے جوان دن رات مادرِ وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا محکمہ پولیس آزاد کشمیر مادر وطن کی اندرونی و بیرونی سازشوں سے نمپٹنے کے لیے بھرپور محنت سے نہ صرف کام کر رہا ہے بلکہ اپنے جوانوں کو بہترین تربیت فراہم کرنے میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی۔انہوں نے کہا رینجرز پولیس کے جوان ممکنہ وسائل میں رہتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔