عید الاضحیٰ پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

بدھ 21 مئی 2025 19:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں صاف ستھرا پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید ایام میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹر کا عملہ گھر گھر آلائشوں کو اکٹھا کرکے محفوظ انداز میں ٹھکانے لگائے گا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ستھرا پنجاب مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سینئر منیجر اپریشن انوار الحق نے صفائی انتظامات اور کنٹریکٹرز کی جانب سے عید الاضحیٰ کے پلان پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت ملتان کی تمام یونین کونسلوں میں نجی سیکٹر کے ذریعے زیرو ویسٹ کیا جارہا ہے،عید الاضحیٰ پر نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا اور عوام کو ماضی کی نسبت بہتر صفائی نظام مہیا کیا جائے گا۔