گورنر سندھ سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ کے 9 رکنی وفد کی ملاقات

وفد نے گورنر سندھ کو عراق میں مقدس مقامات کی زیارت پر مبارکباد دی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں

بدھ 21 مئی 2025 22:54

گورنر سندھ سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ کے 9 رکنی وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سندھ کے 9 رکنی وفد نے علامہ سید علی عرفان عابدی کی قیادت میں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد نے گورنر سندھ کو عراق میں مقدس مقامات کی زیارت پر مبارکباد دی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وفد سے ملاقات میں کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم پر کاربند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر مکتبِ فکر کے افراد کے لیے بلاتفریق کھلے ہیں، اور اب تک 58 لاکھ افراد یہاں آ چکے ہیں۔گورنر سندھ نے موجودہ سماجی خدمات کے حوالے سے کہا کہ گورنر ہائوس کراچی میں 50 ہزار نوجوان جدید آئی ٹی کورسز کی جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ مستحق افراد میں 10 لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ "امید کی گھنٹی" کے تحت ہزاروں افراد کے مسائل حل ہو چکے، اور تین سال میں 12 لاکھ افراد گورنر ہاؤس میں افطار و ڈنر کر چکے ہیں۔ گورنر سندھ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔