شرجیل میمن کی ضیا الحسن لنجار کے گھر کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

ان کے گھر پر حملہ نہ صرف ذاتی نوعیت کا ہے بلکہ حکومتِ سندھ پر بھی براہِ راست حملہ تصور کیا جائے گا،سینئر صوبائی وزیر

بدھ 21 مئی 2025 22:52

شرجیل میمن کی ضیا الحسن لنجار کے گھر کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی شدید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے گھر کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہی.اپنے جاری کردہ بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایسے پرتشدد اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے میں کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ضیا الحسن لنجار ایک باوقار سیاستدان اور عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اور ان کے گھر پر حملہ نہ صرف ذاتی نوعیت کا ہے بلکہ حکومتِ سندھ پر بھی براہِ راست حملہ تصور کیا جائے گا.شرجیل میمن نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد از جلد ذمہ داروں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دیں گی.انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ہر پہلو سے جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ سازش میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کیا جا سکی.

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور ریاستی اداروں پر اعتماد رکھیں.شرجیل انعام میمن نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا.انہوں نے مزید کہا کہ پوری سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے ساتھ کھڑی ہی.