Live Updates

کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، وزیراعلی سندھ

لانڈھی میں ذوالفقار علی بھٹو ادارہ برائے امراض قلب 1200 بستروں پر مشتمل ہوگا، مراد علی شاہ

بدھ 21 مئی 2025 22:52

کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، وزیراعلی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز ( ایس آئی سی وی ڈی) کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ ادارہ صوبے بھر میں دل کے امراض کا مفت اور عالمی معیار کا علاج فراہم کرنے والا ایک اہم طبی نیٹ ورک ہے۔

یہ اجلاس وزیراعلی ہاس میں منعقد ہوا جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، سیکریٹری وزیراعلی زمان ناریجو اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آئی سی وی ڈی پروفیسر جاوید سیال سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیراعلی نے ایس آئی سی وی ڈی کو عوامی صحت کا مثالی ماڈل قرار دیا اور کہا کہ اس ادارے میں دل کے ہنگامی علاج، پیچیدہ سرجریوں اور بچوں کو امراض قلب کی تمام خدمات مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ادارہ ان ہزاروں مریضوں خصوصا دیگر صوبوں کے رہائشیوں کے لیے زندگی کی ایک امید ہے جو مہنگے نجی علاج کے متحمل نہیں ہو سکتے۔سندھ حکومت کی سرپرستی میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (ایس آئی سی وی ڈی)کا نیٹ ورک پاکستان کے سب سے بڑے امراضِ قلب کے نظاموں میں سے ایک بن چکا ہے جو صوبے بھر میں 10 مکمل کارڈیالوجی اسپتال اور 29 چیسٹ پین یونٹس چلا رہا ہے۔

کراچی سے کشمور تک یہ نیٹ ورک جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے جن میں تشخیصی لیبارٹریز، انٹروینشنل کارڈیالوجی، دل کی سرجری، فالج یونٹس اور ایمرجنسی سروسز شامل ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ ملک میں کوئی اور سرکاری ادارہ ایس آئی سی وی ڈی خصوصا امراضِ قلب کی نگہداشت میں رسائی اور معیار کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ایک اہم اعلان کرتے ہوئے وزیراعلی مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں زیر تعمیر 'ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیززکا بتایا جسے دنیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ عظیم منصوبہ 1,200 بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں 5 جدید آپریٹنگ تھیٹرز، 4 کیتھ لیبز، 1 ہائبرڈ لیب، جدید سی ٹی اور ایم آر آئی سہولیات، بچوں کے امراض قلب کا جامع علاج، ایک تحقیقی مرکز اور نرسنگ اسکول شامل ہوں گے۔ یہ منصوبہ پاکستان کو امراضِ قلب کے علاج اور طبی تحقیق میں خطے کا رہنما بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔وزیراعلی سندھ کو ایس آئی سی وی ڈی کے آئندہ توسیعی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جن میں ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں اہم ترقیاتی کام شامل ہیں۔

ٹنڈو محمد خان میں ایس آئی سی وی ڈی کی نئی سہولت جلد افتتاح کے لیے تیار ہے جس میں ایک اضافی آپریشن تھیٹر، بچوں کے لیے خصوصی انتہائی نگہداشت یونٹ (پی آئی سی یو) سرجیکل آئی سی یو اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سینٹرل اسٹرل سروسز ڈیپارٹمنٹ (سی ایس ایس ڈی) شامل ہوں گے۔ یہ سہولیات علاقے میں جراحی کی صلاحیت اور خصوصی نگہداشت کو نمایاں طور پر بہتر بنائیں گی۔

حالیہ افتتاح شدہ سہولیات میں ایک نیا آٹھ بستروں پر مشتمل ٹریاژ یونٹ شامل ہے جو نازک حال مریضوں کی فوری جانچ کے لیے مخصوص ہے جبکہ ایک 19 بستروں والا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ بھی فعال کر دیا گیا ہے جو پیچیدہ امراضِ قلب کی ہنگامی صورتحال سے فوری اور مثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر لیس ہے۔ یہ اقدامات حکومت کی صحت تک خصوصا پسماندہ علاقوں کے لیے مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے عزم کا مظہر ہیں۔

وزیراعلی کو ادارے کے طویل المدتی وژن کے تحت گرانڈ پلس سات منزلہ عمارت کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا گیا جس میں 300 بستروں پر مشتمل ان پیشنٹ سہولیات، بچوں کے دل کی جدید نگہداشت، مزید آپریٹنگ تھیٹرز اور کیتھ لیبز، سی ٹی اور ایم آر آئی کی جدید سہولیات شامل ہوں گی۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے تعمیراتی کام کی تیز رفتار تکمیل، معیار کو یقینی بنانے اور مریضوں کو مرکزِ نگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ مانیٹرنگ کے نظام کو مضبوط کیا جائے تاکہ ہر اخراجات کا مثر اور قابلِ پیمائش نتیجہ سامنے آئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات