اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے غزہ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا اعلان شرمناک ہے : جاوید قصوری

بدھ 21 مئی 2025 22:58

اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے غزہ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا اعلان شرمناک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے غزہ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا اعلان شرمناک اور عالمی قوانین کی بے حرمتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔صہیونی فوج کی غزہ کی پٹی پر پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور متعدد علاقوں پر قابض ہوگئی ہے۔اسرائیلی فوج نے شہریوں کو خان یونس سے بھی انخلا کا حکم دیا ہے۔

فلسطینی عوام کو ان کی زمین سے بے دخل کرنا ناقابل قبول ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیان پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے 2 مارچ سے غزہ کی ناکا بندی کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

فوری طور پرامداد نہ پہنچی تو اگلے 48 گھنٹوں میں 14 ہزار مزیدفلسطینی بچے شہید ہو جائیں گے۔

22 ممالک نے اسرائیل سے غزہ میں امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرنے اور فوجی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مگر اسرائیل کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر حملے کر کے ہٹ دھرمی اور بے حسی کی تمام حدود کو عبور کر لیا ہے۔ حالیہ اسرائیلی بمباری میں رہائشی گھروں، پناہ گاہوں، اسپتالوں اور فاقہ زدہ عوام کو کھانا فراہم کرنے والے مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔

ان حملوں میں73 بچے اور خواتین شہید ہوئیں، جو ایک منظم اور مکمل نسل کشی کا واضح ثبوت ہے۔ 20 لاکھ افراد بھوک سے مر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک پاگل ریاست بن رہا ہے، بنجمن نیتن یاہو کی قیادت میں جاری نسل کشی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی سرکاری تعداد860 ہو چکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کے جاری فوجی آپریشنز کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرے۔مسلم حکمرانوں کو اپنی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل ، امریکہ اور دیگر اتحادیوں کو واضح اور دو ٹوک پیغام دینے کی ضرورت ہے ۔اسرائیل نے امریکی آشرباد سے 63ہزار سے زائد فلسطینیوں کو لقمہ اجل بنا دیا ہے ۔