Live Updates

حکومت ثقافتی ذرائع سے ملک بھر میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے قومی ہم آہنگی مراکز قائم کر رہی ہے، وفاقی وزیراورنگزیب کھچی

بدھ 21 مئی 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ حکومت ثقافتی ذرائع سے ملک بھر میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے قومی ہم آہنگی مراکز قائم کر رہی ہے،یہ مراکز وسیع پیمانے پر تحقیق، تجزیہ، پالیسی سازی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کے نفاذ کے لیے کام کریں گے جب کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے لیے بھی موثر کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمینار سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار کا انعقاد پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے گروتھ فار رورل ایڈوانسمنٹ اینڈ سسٹین ایبل پروگریس (گراسپ) پروجیکٹ کے تحت انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے تعاون سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد گیلانی، سندھ کی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی اے ایف نادر گل بڑیچ، بی آئی ایس پی، پی پی اے ایف کے سینئر ایگزیکٹوز، پارٹنر تنظیموں کے نمائندوں اور خواتین تاجروں نے تقریب میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قومی آبادی میں خواتین کا تناسب مردوں سے زیادہ ہے اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے جس میں موسیقی، کہانی سنانے، روایتی دستکاری اور اس طرح کے دیگر شعبوں میں تربیتی کورسز شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مقصد کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے اسے فخر کی بات قرار دیا کہ خواتین ملک کے زرعی شعبے میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں ،انہوں نے زیادہ سے زیادہ پیداوار بڑھانے کے لیے خواتین کی خاطر خواہ شراکت اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سیمینار کا مقصد خواتین کو زراعت کے شعبے میں بااختیار بنانا ہے اور امیدہے کہ سیمینار میں ہونے والی گفتگو خواتین کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گی۔

وفاقی وزیر نے ملک کے بینکنگ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ خواتین اور نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے خواتین کی ترقی کے لیے سندھ حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔سندھ کی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے صوبائی حکومت کے پروگراموں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی وزارت سندھ کی ہنر مند خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے روایتی دستکاری کی بین الاقوامی نمائش منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو سماجی اور مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیےانہیں گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی جیلوں میں خواتین قیدیوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مختصر کورسز کرائے جا رہے ہیں تاکہ وہ باعزت روزی کما سکیں۔تقریب کا اختتام معزز شرکاء، پینلسٹس اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شراکت دار تنظیموں میں سووینئر شیلڈز کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات