Live Updates

کیلنڈر ایئر میں تیز ترین ہزار رنز، صاحبزادہ فرحان نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا

29 سالہ بیٹر نے رواں سال 18 اننگز میں 1000 ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 22 مئی 2025 13:04

کیلنڈر ایئر میں تیز ترین ہزار رنز، صاحبزادہ فرحان نے ویرات کوہلی کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2025ء ) اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں کیلنڈر ایئر میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ 
29 سالہ صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل 10 کے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری مکمل کی ، ان کی ٹیم کو یہ میچ نہیں جیت سکی لیکن انہوں نے اس دوران رواں سال 18 اننگز میں 1000 ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے کا ویرات کوہلی کا کم ترین اننگز میں ہزار ٹونٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

ویرات کوہلی نے 2016ء میں 18 اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے تھے، محمد رضوان 2021ء میں 20 اننگز میں 1000 رنز مکمل کرکے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ 
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں یونائیٹڈ کی ٹیم 210 رنز کے تعاقب میں 20 ویں اوور میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 
یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان آغا 44، رسی وین ڈر ڈوسین 35، کپتان شاداب خان 16، عماد وسیم 5، جیمی نیشم 1جبکہ نسیم شاہ اور ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق نے 3، محمد عامر اور فہیم اشرف نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد اور محمد وسیم نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے۔ 
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دنیش چندیمل 48 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ فہیم اشرف 45، فن ایلن 41، اویشکا فرننڈو 32، رائلی روسو 16، کپتان سعود شکیل 12 اور حسن نواز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات