برطانیہ نے بحر ہند کے جزائر چاگوس کا قبضہ چھوڑ دیا

یو این جمعہ 23 مئی 2025 04:00

برطانیہ نے بحر ہند کے جزائر چاگوس کا قبضہ چھوڑ دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 مئی 2025ء) برطانیہ نے ایک معاہدے کے تحت بحر ہند میں جزائر چاگوس کا کنٹرول باقاعدہ طور پر جمہوریہ موریشس کے حوالے کر دیا ہے۔

اس معاہدے کی رو سے برطانیہ چاگوس کے سب سے بڑے جزیرے ڈیگو گارشیا کو آئندہ 99 سال تک کرائے پر لے گا جہاں اس کا امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی اڈا قائم ہے۔

برطانیہ نے 1968 میں موریشس کو آزادی دیتے وقت جزائر چاگوس کو غیرقانونی طور پر اپنے قبضے میں رکھا تھا۔

اس ڈیگو گارشیا پر رہنے والے 1,500 سے 2,000 مقامی لوگوں کو وہاں سے بے دخل کر دیا گیا جو وہاں صدیوں سے مقیم تھے۔ اس اقدام کا مقصد یہ جزیرہ امریکہ کو ٹھیکے پر دینا تھا جسے دونوں ممالک اب تک مشترکہ طور پر استعمال میں لاتے رہے ہیں۔

برطانیہ اور امریکہ کی حکومتوں نے 1967 اور 1973 کے درمیانی عرصہ میں ان لوگوں کو ناصرف ڈیاگو گارشیا بلکہ پیروز بان ہوز اور سالومن جزیروں سے بھی نکال باہر کیا۔

(جاری ہے)

سفارت کاری کی اہمیت

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ برطانیہ اور موریشس کے مابین طے پانے والا معاہدہ بحیرہ ہند میں ان جزائر کی ملکیت کے حوالے سے چلے آ رہے طویل تنازع کو حل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس سے دیرینہ شکایات کو حل کرنے میں سفارت کاری کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے برطانیہ اور موریشس کے مابین معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ چاگوس میں رہنے والے لوگوں کے حقوق اور خواہشات کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے تعمیری بات چیت جاری رکھیں۔