Live Updates

خضدار میں سکول بس پر حملہ بزدلانہ اور سنگدل تھا ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خضدار میں دہشت گرد حملے کی مذمت

ایسے حملوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں، منصوبہ سازوں اور مالی مدد دینے والوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 23 مئی 2025 11:40

خضدار میں سکول بس پر حملہ بزدلانہ اور سنگدل تھا ،اقوام متحدہ کی سلامتی ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 مئی 2025)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار میں سکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے، سلامتی کونسل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ حملہ بزدلانہ اور سنگدل تھا جس میں 4 طلبہ سمیت 6 افراد شہید ہوئے اور 53 افراد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر سکول کے بچے تھے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔اعلامیے میں مزیدکہا گیا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے اور ایسے حملوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں، منصوبہ سازوں اور مالی مدد دینے والوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔سلامتی کونسل نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پاکستان سے مکمل تعاون کریں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ ان سنگین دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں، منصوبہ سازوں، مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دہشت گردی کا کوئی بھی عمل کسی بھی صورت میں قابلِ قبول یا قابلِ جواز نہیں ہو سکتا۔ دنیا کے تمام ممالک پر لازم ہے کہ وہ عالمی قوانین کے تحت دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر اقدامات کریں۔خیال رہے کہ دوروز قبل خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوںنے ایک سکول بس کو نشانہ بنایاگیاتھا۔دھماکے میں بچوں سمیت 5 شہید ہوگئے تھے دھماکے میں 38افراد زخمی ہوگئے تھے۔

افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیاتھا جہاں ایک سکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیاتھا۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی جبکہ زخمیوں کو خضدار اور کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے تھے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کاکہنا تھا کہ دھماکے میں 38 بچے زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا تھا تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں چار طالبات سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔

خضدار میں ہونے والے دھماکے کے شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ حملے میں متعدد بچے بھی زخمی تھے جوہسپتال میں زیرعلاج تھے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات