Live Updates

بھارتی وزیراعظم مودی کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ الزامات مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

مودی کے بیانات علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہیں، جھوٹے الزامات اور عسکری دعوے یواین چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،عالمی برادری بھارت کے جارحانہ روئیے کا نوٹس لے، بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 23 مئی 2025 10:42

بھارتی وزیراعظم مودی کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ الزامات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 مئی 2025)پاکستان نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ الزامات مسترد کر دئیے،کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، عالمی برادری بھارت کے جارحانہ روئیے کا نوٹس لے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے راجستھان کے انتخابی جلسے میں لگائے گئے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو سختی سے مستردکرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہیں، جھوٹے الزامات اور عسکری دعوے یواین چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔تحریفات، غلط بیانیوں اور اشتعال انگیز بیانات سے بھرے ان ریمارکس کا مقصد واضح طور پر سیاسی فائدے کیلئے علاقائی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مو¿ثر شراکت دار ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششیں گمراہ کن اور ناقابلِ قبول ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ ذمہ دار ریاستی نظام کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

دھمکیوں کا سہارا لینا اور ایک خود مختار ملک کے خلاف فوجی کارروائی پر فخر کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے قائم کردہ اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ خطرناک رویہ علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو نشانہ بناتا ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک مستقل اور فعال شراکت دار ہے، پاکستان کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے جوڑنے کا کوئی بھی الزام حقیقتاً غلط اور صریح طور پر گمراہ کن ہے، یہ ایک حربہ ہے جو اکثر بھارت کے اپنے اندرونی چیلنجوں سے توجہ ہٹانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

خاص طور پر بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی جابرانہ پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنا کر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کی بھارت کی کوششیں اچھی طرح سے دستاویزی ہیں اور عالمی برادری نے اسے تسلیم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی قیادت کو ذمہ داری اور ضبط کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے کیونکہ اشتعال انگیز بیانات سے خطے میں امن کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور تعمیری مکالمے کیلئے پرعزم ہے۔ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عالمی برادری بھارت کے جنگی بیانیے اور نفرت انگیز روئیے کا نوٹس لے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات