Live Updates

پاکستان اور بھارت مکمل جنگ شروع کرنے کے بہت قریب تھے،امریکہ نے جنگ روکنے میں کردار ادا کیا، امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان بھارت میں دیرینہ مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشتگردی ہورہی ہے، اچھی خبر یہ ہے دوسرے خطوں کے برعکس جنگ بندی کاعہد کیا گیا ہے، ٹیمی بروس کی پریس بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 23 مئی 2025 11:02

پاکستان اور بھارت مکمل جنگ شروع کرنے کے بہت قریب تھے،امریکہ نے جنگ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 مئی 2025)امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت مکمل جنگ شروع کرنے کے بہت قریب تھے، امریکہ کی مدد نے پاک بھارت جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا جو خوش آئند ہے، پاکستان،بھارت میں دیرینہ مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشتگردی ہورہی ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی سے طویل مدتی مسائل کے حل ہونے کی صلاحیت واپس آگئی اچھی خبر یہ ہے دوسرے خطوں کے برعکس جنگ بندی کاعہد کیا گیا ہے۔

جنوبی ایشیا میں دہشت گردی اور تشدد کے واقعات پرعمومی تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت میں سیز فائر ہے۔ جنگ رکوانے میں امریکہ نے مدد کی تھی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا پانچواں دور ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم سمجھتے ہیں ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں نے کرائی،ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہاتھاکہ میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑھتا جا رہا تھا۔

وائٹ ہاوس میں جنوبی افریقہ کے صدر رامافوساکے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے فریقین کے درمیان تجارت کے ذریعے تنازع ختم کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان بھارت جنگ بندی معاہدے کی تعریف کی تھی۔ٹرمپ کا ایک مرتبہ پھر کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ امریکہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدے کر رہا تھا۔ پاکستان کے لوگ بہترین اور لیڈر عظیم تھے۔ بھارت میں میرا دوست نریندر مودی تھا۔امریکی صدر کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور انڈیا کےساتھ کیا کیا، میں نے ان کا مسئلہ تجارت کے ذریعے حل کیا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات