سرگودھا پولیس ٹریننگ سکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

جمعہ 23 مئی 2025 12:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) سرگودھا پولیس ٹریننگ سکول میں 94 ویں ریکروٹ کلاس کورس کے تحت تربیت مکمل کرنے والے 787 کنسٹیبلان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان تھے جبکہ ڈی پی او محمد صہیب اشرف سمیت دیگر پولیس افسران اور پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کے عزیز و اقارب نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول ایس پی انعم فریال نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے خوبصورت انداز میں سلامی دی جبکہ کمانڈو دستوں نے جسمانی کرتب کا شاندار مظاہرہ کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر پرنسپل پی ٹی ایس انعم فریال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ کے دوران جوانوں کو تھانہ کے امور، ٹریفک انتظامات،مجمع خلاف قانون سے نمٹنے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ اعلی اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے اور محکمانہ نظم و ضبط سے خصوصی آگاہی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او محمد صہیب اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربیت کا سخت مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں امید ہے کہ آپ کے آنے سے پولیسنگ میں مزید بہتری آئے گی۔ مہمان خصوصی آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک اچھا انسان ہی اچھا پولیس افسر بن سکتا ہے دوران ڈیوٹی اپ نے محکمانہ وقار کو برقرار رکھنا ہے اور اس میں اضافے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرنا ہے۔ پنجاب پولیس اپنے سینکڑوں شہدا اور ہزاروں غازیوں کے ساتھ سماج دشمن عناصر کے خلاف پہلی دفاعی لائن ہے مجھے یقین ہے آپ بھی امن کی راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ تقریب میں دوران تربیت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔