کوئٹہ، مسلم ایڈ پاکستان کے زیر اہتمام’’ تعلیم اور کمیونٹی کے درمیان روابط کو فروغ ‘‘کے عنوان سے سیمینار

جمعہ 23 مئی 2025 14:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) مسلم ایڈ پاکستان کے زیر اہتمام تعلیم اور کمیونٹی کے درمیان روابط کو فروغ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل تعلیم بلوچستان اختر کھیتران تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلوئیشن منیر احمد نودیزئی، ایجوکیشن ماہرین فوزیہ درانی، عمران الحسنی، کلیم اللہ، بہادر شاہ، مسلم ایڈ کے نمائندے ذوہیب احمد واش منیجر)، نیاز شاہ (ایجوکیشن کوآرڈینیٹر) اور مانیٹرنگ ٹیم کی کشمالہ اصغر اور مظفر میمن شامل تھے۔

اس کے علاوہ بی سی آر اے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفقت نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ضلع لورالائی کے مختلف سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور کمیونٹی نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں منعقدہ پینل ڈسکشن میں ماہرین تعلیم نے بلوچستان میں تعلیمی معیار، سکولوں میں سہولیات، اساتذہ کی تربیت اور کمیونٹی شمولیت جیسے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔

شرکا نے موجودہ چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے صوبائی سطح پر پائیدار حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مسلم ایڈ کے نمائندوں نے تفصیل بیان کی کہ سی بی ایم فیز 4 کے تحت لورالائی کے 8 سرکاری سکولوں کو ماڈل سکولز میں تبدیل کیا گیا، جن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، ای سی سی ای کلاس رومز کا قیام، پی ٹی ایم سیز کی فعالیت اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔

مہمانِ خصوصی اختر کھیتران نے مسلم ایڈ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایسے پروگرامز تعلیم کے میدان میں عوام اور اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں اجتماعی کوششوں سے ہی تعلیمی بحران پر قابو پانا ہوگا۔تقریب سے خطاب کے دوران شرکا نے تقریب کو ایک نئے عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد محکمہ تعلیم اور کمیونٹی کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا اور بچوں کے بہتر تعلیمی مستقبل کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا،مسلم ایڈ سٹاف سے شافیہ حلیم، آئشہ امیر ، احسان اللہ اور عبد الجبار بگٹی نے بھی شرکت کی۔