Live Updates

امید ہے کہ حکومت لاہور چیمبر کی بجٹ تجاویز کو اپنی پالیسی کا حصہ بنائے گی،میاں ابوذر شاد

جمعہ 23 مئی 2025 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے ا مید ظاہر کی ہے کہ وفاقی حکومت وفاقی بجٹ 2025-26 میں لاہور چیمبر کی تجاویز کو شامل کرے گی جو معاشی اور صنعتی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ وفاقی بجٹ کیلئے لاہور چیمبر کی تجاویز پہلے ہی حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں اور امید ہے کہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا حل نکالا جا سکے۔

لاہور چیمبر نے ٹیرف کے حوالے سے کاسکیڈنگ ڈیوٹی اسٹرکچر کی تجویز دی ہے جس میں خام مال پر0 فیصد، سیمی فنشڈ مصنوعات پر5-8 فیصد اور فنشڈ گڈز پر18 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائے تاکہ مقامی ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر نے صنعتی ماحولیاتی تقاضوں کو پورا کرنے اور برآمدی مسابقت قائم رکھنے کیلئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی ڈیوٹی فری درآمدات کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

پالیسی اصلاحات کے تحت لاہور چیمبر نے شرح سود6 فیصد تک کم کرنے،توانائی کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کرنے،برآمدکنندگان کیلئے فائنل ٹیکس رجیم کی بحالی، تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم اور انفرادی و ایسوسی ایشن ٹیکس29 فیصد تک محدود کرنے کی تجاویز دی ہیں۔لاہور چیمبر نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ اور دو پہیوں والی الیکٹرک وہیکلز سے آغاز اور مقامی مینوفیکچرنگ کیلئے مراعات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور چیمبر کی تجاویز میں محصولاتی عمل کو مو ثر بنانے کیلئے ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈز 72 گھنٹوں میں فاسٹر سسٹم کے ذریعے یقینی بنانے،تاخیر پر معاوضہ دینے،سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کا خاتمہ، سیلز ٹیکس فائلنگ کی آٹومیشن اور آڈٹ سائیکل کو5 سال تک محدود کرنا بھی شامل ہیں۔لاہور چیمبر نے آئی ٹی اور فری لانسنگ صنعت کو فروغ دینے کیلئے فارن ایکسچینج اکاو نٹس اور ریبیٹس کی سہولت، زرعی شعبے میں بڑے زمینداروں پر آمدنی ٹیکس اور چھوٹے کسانوں کو استثنی، ریئل اسٹیٹ میں پراپرٹی ویلیو کا مارکیٹ ریٹ سے ہم آہنگ ہونا اور ٹیکسٹائل صنعت کیلئے ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز سکیم کی بحالی و ڈیوٹی ڈرا بیکس3 فیصد تک بڑھانے کی تجاویز بھی دی ہیں۔

میاں ابوذر شاد نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری،غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کٹوتی اور سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے تاکہ معیشت پر بوجھ کم ہو۔انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ ان سفارشات کا مقصد معاشی ترقی، آسان کاروبار، اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے جبکہ نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بقا صنعتی ترقی اور دیرپا پالیسیوں سے وابستہ ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات