اسپرنگ فیلڈ کالج باغ میں دو سٹوڈنٹس میجر سعد بن زبیر شہید اور اسامہ عشرت شہید کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنےکیلئے تقریب کا انعقاد

جمعہ 23 مئی 2025 22:27

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیر حکومت سردار ضیاء القمر،سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی،لیفٹیننٹ کرنل جہانگیر خان نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے،اسپرنگ فیلڈ کالج باغ نے اپنے ہی دو سٹوڈنٹس میجر سعد بن زبیر شہید اور اسامہ عشرت شہید کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرکے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جو آزاد کشمیر بھر میں ایک اپنی مثال آپ ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی شہداء کے والدین تھے، جن کی موجودگی نے ماحول کو جذبات اور عقیدت سے بھر دیا۔اس موقع پر میجر سعد بن زبیر شہید آڈیٹوریم کا باقاعدہ افتتاح شہید کے والدین اور دیگر معزز مہمانوں کے دستِ مبارک سے کیا گیا۔ تقریب میں ہر مکتبہ فکر اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو شہداء کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دی جائے تاکہ وہ اپنے وطن کے تحفظ اور تعمیر میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر اسپرنگ فیلڈ کالج باغ کی قومی جذبے، فکری تربیت اور شہداء کی قربانیوں کو زندہ رکھنے کے حوالے سے کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔کالج کی طرف سے منعقد کی گئی یہ تقریب اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ادارہ نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں ہے بلکہ نوجوانوں کو قومی شعور اور دینی اقدار سے بھی روشناس کرا رہا ہے۔

اسپرنگ فیلڈ کالج کے طلباء و طالبات نے ٹیبلو ''میرے وطن یہ عقیدتیں '' اور نظم کے ذریعے شہداء کو سلام عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صدیوں تک ان عظیم قربانیوں کو یاد رکھیں گے اور فلسفہ شہادت سے عملی لگاؤ رکھیں گے۔