Live Updates

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2025 پر نظرثانی کی یقین دہانی کروا ئی ہے،عاطف اکرام شیخ

جمعہ 23 مئی 2025 22:44

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ایف پی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں ٹیکس قوانین تر میمی آرڈیننس 2025 پر نظرثانی کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایف پی سی سی آئی کی پالیسی ایڈوکیسی کی جدوجہد کی ایک بڑی کامیابی ہی؛ جس کا مقصد ملک کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کے سنگین تحفظات کو دور کرنا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں ایک سینئر وفد نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی ؛جس میں ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس 2025؛ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے ناروا رویی؛ کاروباری لاگت میں اضافے کا سبب بننے والی ٹیکس و ٹیرف رکاوٹوں اور ڈینجرس پیٹرولیم لیکوئڈز کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز، ٹریڈ باڈیز اور ایسوسی ایشنز کو ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس 2025 پر شدید تحفظات ہیں ؛کیونکہ یہ قانون ٹیکس وصولی نظام میں کسی بھی قسم کی بہتری؛ نظام کی شفافیت یا ڈیجیٹیلائزیشن کے فروغ کے بجائے بدعنوانی، ہراسانی اور ناقص انتظامی رویوں کو بڑھاوا دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ جتنا زیادہ ٹیکس افسر کو ٹیکس دہندہ کے معاملات میں مداخلت کا اختیار دیا جاتا ہے اتنا ہی زیادہ ٹیکس کلیکشن کی شفافیت ، غیرجانبداری اورانصاف پسندی پر سوالیہ نشانات اٹھتے ہیں۔

لہذا، ہمیں اس ضمن میں نئے تجربات کرنے کی بجائے عالمی طور پر تسلیم شدہ اصولوں سے رہنمائی لینی چاہیے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ مسائل کے حل کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں اور پالیسی سازی میں کاروباری برادری کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے بتایا کہ اس میٹنگ کے دوران FPCCI کے مطالبے پر ڈینجرس پیٹرولیم لیکوئڈز کے حوالے سے دی گئی 6 ماہ کی عبوری چھوٹ، جو کہ 25 مئی 2025 کو ختم ہو رہی ہے، کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید 6 ماہ کے لیے بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینجرس پیٹرولیم لیکوئڈز کی واضح تعریف اشد ضروری ہے ؛تا کہ اس کی ترسیل، دستیابی، اسٹوریج اور ریگولیٹری پہلوؤں پر فوری طور پر توجہ دیتے ہوئے انڈسٹری اور مینوفیکچرنگ کو خام مال کے طور پر درکار کیمیکلز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس اعلیٰ سطحی وفد میں پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حامد ارشد ظہور اور پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PCMA) کے چیئرمین ہارون علی خان بھی شامل تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات