Live Updates

پاکستان عوامی تحریک کے 36سال مکمل ،کل 25 مئی (اتوار)کو یوم تاسیس منایا جائے گا

جمعہ 23 مئی 2025 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے قیام کو 36 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں 25 مئی (اتوار) کو یومِ تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب کا انعقاد ماڈل ٹائون لاہور مرکزی سیکرٹریٹ پر ہو گا۔ جبکہ ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل کی سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن کا عنوان ’’قوت، اخوت، عوام‘‘ رکھا گیا ہے۔

ان تقریبات میں کیک کاٹے جائیں گے، فکری نشستیں، سیمینارز، دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات منعقد ہوں گی۔ یومِ تاسیس کی تقریبات میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی و صوبائی قائدین، ضلعی رہنما، کارکنان اور وابستگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ دفاتر پر قومی پرچم اور پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے اور وطنِ عزیز کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان نے کہا ہیکہ پاکستان عوامی تحریک کی 36 سالہ سیاسی جدوجہد اصلاحی، تعمیری اور عوام دوست ایجنڈے پر مبنی ہے جس کا بنیادی مقصد فرسودہ، خاندانی اور کرپٹ نظام کا خاتمہ اور حقیقی عوامی جمہوریت کا قیام ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ عوامی حقوق کا تحفظ اور ادارہ جاتی اصلاحات کو بنیادی اہمیت دی۔

پاکستان عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنان نے ملک میں تعلیم، صحت، عدل، قانون کی بالادستی، شفاف انتخابی نظام اور عوامی فلاح کے اہداف کے لیے ہر سطح پر پرامن جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ان تمام مراحل کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے پاکستان عوامی تحریک کو ایک نظریاتی، اصلاحی اور فعال عوامی تحریک کے طور پر منوایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات