سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رئوف عطا کی چین میں منعقدہ نویں چائنا جنوبی ایشیا قانونی تربیتی پروگرام میں شرکت

جمعہ 23 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رئوف عطا نے چین میں منعقدہ نویں چائنا-جنوبی ایشیا قانونی تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کا انعقاد چائنا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن کی جانب سے شنگھائی یونیورسٹی میں کیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں پاکستان کے علاوہ بھارت، روس، بیلاروس، ترکمانستان، ازبکستان، سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش، مالدیپ، بھوٹان اور دیگر کئی ممالک کے شرکا بھی شریک ہیں۔

یہاں جاری بیان کے مطابق شنگھائی میں منعقدہ افتتاحی تقریب کی صدارت چائنا لاء سوسائٹی کے صدر جنگ ہان چائو نے کی۔ صدر سپریم کورٹ بار میاں محمد رئوف عطا نے پاکستان اور اس کی قانونی برادری کی نمائندگی کرنے کو اپنے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تربیتی پروگرام کو مختلف ممالک کے قوانین کو سمجھنے اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا۔

صدر سپریم کورٹ بار نے پرامن معاشروں کے قیام میں قانون کی حکمرانی کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ایک غیر جانبدارانہ رویہ اپنانے کی وکالت کی جو انفرادی عقائد کا احترام کرے اور کہا کہ قانون کی حکمرانی پر عمل ہر حال میں یقینی بنانا چاہیے، خواہ کسی کی نسل، مذہب یا جنس کچھ بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کی پاسداری کو سرحدوں سے ماورا ہونا چاہیے۔

انہوں نے مختلف بین الاقوامی معاہدات کا حوالہ دیا جن میں قانون کی حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے عدلیہ کی آزادی، منصفانہ ٹرائل کا حق، اظہار رائے کی آزادی، آئینی بالادستی کا احترام، جمہوری ڈھانچہ، قانون کی جامع سمجھ اور انسانی حقوق کے تحفظ جیسے اصولوں کو اجاگر کیا۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چین اور پاکستان کے مابین گہری دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ مشکل وقت میں چینی حکومت اور عوام نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کی کامیابی، اس کے ایجنڈے اور مقاصد کی تکمیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔