Live Updates

عالمی ادارہ صحت اور حکومتِ پاکستان کی ملک بھر میں 26 نئے ویکسینیشن مراکز قائم کرنے کے لیے شراکت داری

ہفتہ 24 مئی 2025 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں 26 نئے ویکسینیشن مراکز قائم کرنے کے لیے شراکت داری کی ہے جو پسماندہ علاقوں میں 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو خدمات فراہم کریں گے۔جمعہ کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ مراکز ویکسین الائنس "گاوی" کی مالی معاونت سے قائم کیے جا رہے ہیں اور یہ ان افراد کو زندگی بچانے والی ویکسینز اور بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کریں گے جو پہلے ان سہولیات تک رسائی سے محروم تھے۔

پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 13 ویکسینیشن مراکز پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی 13 مراکز تیاری کے مرحلے میں ہیں اور یہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم کئے جائیں گے،یہ مراکز ان علاقوں میں قائم کیے جا رہے ہیں جہاں بنیادی صحت کی سہولیات کی رسائی محدود ہے اور ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔

(جاری ہے)

یہ ویکسینیشن مراکز شمسی توانائی سے چلائے جائیں گے تاکہ بجلی کی بندش یا قدرتی آفات کے دوران بھی عوام کو سہولیات میسر ہوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے۔

یہ شراکت داری پاکستان کے وسیع پیمانے پر ویکسینیشن پروگرام کو مزید مستحکم بنانے اور ان کمیونٹیز تک پہنچنے کے لیے ہے جنہیں ان سہولیات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر داپنگ لیو نے سب کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بنیادی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے اور ہنگامی صورتحال میں مؤثر ردعمل دینے میں مدد دے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات