توانائی کے نقصانات میں 140 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے، وزیرتوانائی

صوبوں کی جانب بقایا جات کی مد میں 161 ارب روپے واجب الادا ہیں،اویس لغاری،قائمہ کمیٹی میں گفتگو

ہفتہ 24 مئی 2025 14:41

توانائی کے نقصانات میں 140 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے، وزیرتوانائی
اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ صوبوں کی جانب بقایا جات کی مد میں 161 ارب روپے واجب الادا ہیں اور ڈسکوز کے بورڈ کی تشکیل کے بعد نقصانات میں کمی ہو رہی ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ صوبوں سے بقایا جات کے حوالے سے وزارت خزانہ کے ساتھ کچھ روز پہلے ملاقات ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال مارچ تک نقصانات میں تقریباً 140 ارب روپے کی کمی کی ہے، پہلے مرحلے میں پاور سیکٹر کی تین ڈسکوز کی نج کاری کی جائے گی، جنکوز کے پرانے سامان کو فروخت کیا گیا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ تین سال تک تمام کمپنیوں کی نج کاری کر دی جائے گی، حکومت کا کام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو چلانا نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرے گی، پاور ٹیرف پر سالانہ نظر ثانی میں بجلی کی طلب اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انڈسٹری کے ریٹ 31 فیصد کم کیے ہیں، پیک آورز میں مہنگے پاور پلانٹس چلائے جاتے ہیں جس کے باعث ٹیرف بڑھ جاتا ہے، اگر اوسط ٹیرف چلائیں تو انڈسٹری کے لیے ٹیرف بڑھ جائے گا، کپیسٹی چارجز اب بھی ادا کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :