برج خلیفہ پر پاکستان کا پرچم آویزاں کر دیا گیا

پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیا کی سب سے بڑی عمارت پر خصوصی طور پر پاکستان کا قومی پرچم آویزاں کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 اگست 2025 21:40

برج خلیفہ پر پاکستان کا پرچم آویزاں کر دیا گیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2025ء) برج خلیفہ پر پاکستان کا پرچم آویزاں کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیا کی سب سے بڑی عمارت پر خصوصی طور پر پاکستان کا قومی پرچم آویزاں کر دیا گیا۔ جمعرات کی شب کو دبئی میں واقع برج خلیفہ پر پاکستان کا پرچم آویزاں کیا گیا، اس موقع پر وہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

دوسری جانب ملک بھر میں 78 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، رواں سال کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

جشن آزادی پر شہر شہر، گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ گئے، جبکہ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ جشن آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے، گارڈز میں 4 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے مزار قائدؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، پاک بحریہ کی جانب سے بابائے قوم محمد علی جناحؒ کو قومی سلام پیش کیا گیا، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ اس کے علاوہ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گاڈرز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے پاکستان آرمی کو چارج دے دیا۔