معیشت کو آئی ایم ایف اور سود سے آزاد کرکے ہی خود انحصاری کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے

ملک کو پالیسیوں کی آزادانہ تشکیل کی ضرورت ہے، پاکستان کسی حکمران کا ملک نہیں بلکہ پوری قوم اور قربانیاں دینے والوں کا مشترکہ سرمایہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 اگست 2025 20:31

معیشت کو آئی ایم ایف اور سود سے آزاد کرکے ہی خود انحصاری کی منزل حاصل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لیے قومی پالیسیوں کی آزادانہ تشکیل، اغیار اور استعمار کی غلامی سے آزادی کی ضرورت ہے۔ معیشت کو آئی ایم ایف اور سود سے آزاد کرکے ہی خود انحصاری کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ ”میرا برانڈ پاکستان“ خود انحصاری کے حصول کی ایک کامیاب کوشش ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے یوم آزادی پر ایکسپوسنٹر لاہور میں بزنس مین فورم کے زیراہتمام ”میرا برانڈ پاکستان“ ایکسپو 2025ء کے پہلے روزافتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ابوزر شاد، سینئر نائب صدر خالد عثمان، تاجر رہنما انجم نثار، پاکستان بزنس مین فورم کے صدر اعجاز تنویر اور صدر الخدمت فاونڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں امیر جماعت اسلامی نے ایکسپو سینٹر میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے قوم کو آزادی کی مبارکباد دی اور پاکستان بزنس فورم کی لاہور چیمبر کے تعاون سے لاہور میں کامیاب نمائش پر تحسین کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے  سٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ کراچی میں دو کامیاب نمائشوں کے بعد لاہورپہنچ چکا ہے، تاجر برادری اب اسے اسلام آباد، فیصل آباد اور اسلام آباد لے کر جائے، اس کے بعد برانڈز کو ڈھاکہ اور دیگر اسلامی ممالک میں لے کر جائیں گے، جماعت اسلامی، پاکستان بزنس فورم اور الخدمت پاکستان مقامی مصنوعات کی پذیرائی میں تاجروں کا بھرپور ساتھ دے گی۔

انہوں نے”میرا برانڈ پاکستان“ کی کامیابی میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم اور فلسطینیوں کی قربانی کے کردار کا تذکرہ کیا اور تاجروں سے کہا کہ انہیں بغیر کسی مقابلہ کے مصنوعات کی پذیرائی کا موقع ملا لہٰذا ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ مصنوعات کے معیار کو بہترین بنائیں، نرخ کم رکھیں اور اہل فلسطین کی دل کھول کر مدد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ کا اولین سبق ہے کہ تاجر موقع پرست کی بجائے موقع شناس بنیں۔ امیر جماعت اسلامی نے الخدمت پاکستان کی اہل غزہ کے لیے امدادی سرگرمیوں کی تحسین کی۔ نمائش میں مختلف پاکستانی کمپنیوں نے دو سو کے قریب سٹالز لگائے ہیں۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ پاکستان کسی حکمران کا نہیں بلکہ پوری قوم اور وطن کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دینے والوں کا مشترکہ سرمایہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور خوشحال پاکستان بنائیں، نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، ہمیں ان کے لیے عظیم پاکستان بنانا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں انسانوں کو انسانوں کی حاکمیت سے آزاد کرانے کے جدوجہد کا عہد کرنا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ حکومت کے لیے سبق ہے کہ ملک میں اچھے کام بھی ہوسکتے ہیں۔