راولپنڈی پولیس کے 17 افسران و اہلکار منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے پر نوکری سے فارغ

ہفتہ 24 مئی 2025 15:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) راولپنڈی پولیس کے 17 افسران و اہلکاروں کو منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے پر محکمانہ کارروائی کے بعد نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے ۔پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی نے محکمانہ احتساب کا بڑا قدم اٹھاتے ہوئے منشیات فروشوں سے تعلقات، روابط اور پشت پناہی میں ملوث 17 افسر و اہلکار محکمہ سے برخاست کئے۔

برخاست ہونے والے افسران و اہلکاروں میں 1 سب انسپکٹر، 4 اے ایس آئی، 4 ہیڈ کانسٹیبل اور 8 کانسٹیبل شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلہ میں سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پولیس افسران و اہلکاروں کی سکروٹنی کی گئی اور روابط سامنے آنے پر سینئر افسران پر مشتمل ٹیم نے معاملہ کی تحقیقات کیں۔

(جاری ہے)

سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ برخاست کئے گئے افسران و اہلکاروں کے منشیات فروشوں سے روابط اور پشت پناہی کے شواہد سامنے آئے اور تمام تر کارروائی پولیس کے محکمہ احتساب کے میکانزم کے تحت کی گئی۔

سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس منشیات کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کر رہی ہے، جسے ہر سطح پر پذیرائی ملی،پانچ سو سے زائد منشیات فروشوں کو معزز عدالتوں سے سزا ہوئی جو 10 سے 20 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں،منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا راولپنڈی پولیس کا نصب العین ہے ایسے میں منشیات فروشوں کی پشت پناہی ناقابل برداشت ہے،سکروٹنی کو مسلسل روٹین بنایا جا رہا ہے،منشیات فروشوں سے روابط یا پشت پناہی میں کوئی بھی ملوث ہو کارروائی کی جائے گی۔ سی پی او نے کہا کہ منشیات فروشوں سے تعلقات یا پشت پناہی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے لئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق منشیات کے خاتمہ کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔