وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیرصدارت محکمہ فیزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کا اجلاس ، سیکرٹری پی پی ایچ نے بریفنگ دی

ہفتہ 24 مئی 2025 16:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیرصدارت محکمہ فیزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری پی پی ایچ چوہدری مجید نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو ریاست بھر میں پینے کے صاف پانی کے ریسورسز کو درپیش مسائل اور واٹر سپلائی لائنز بارے بریفنگ دی اور واٹر سپلائی سکیموں کی فعالیت ، درپیش چیلنجز اور واٹر سپلائی سکیموں سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی بارے بتایا۔

اجلاس میں وزیر پی پی ایچ چوہدری یاسر سلطان ،سیکرٹری پی پی ایچ چوہدری مجید ، ایس ای پبلک ہیلتھ ندیم اقبال ، ایکسیئن میرپور پبلک ہیلتھ یاسین طاہر ، ایکسئین ڈڈیال ارشد محمود ، میرپور اسلام گڑھ ، ایکسئین بھمبر جواد اکبر، ایکسیئن پبلک ہیلتھ کوٹلی رضوان شبیر ، ایکسئین راولاکوٹ طاہر مظفر ، ایکسئین مظفر آباد پبلک ہیلتھ عمران مختار ، ایکسئین پلندری ماجد حسین سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیموں کو مکمل فعال کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ،فنڈز کو مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے خرچ کیا جائے ، اگر کہیں بد انتظامی کی شکایات موصول ہوئیں تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں پانی کے حوالے سے درپیش جملہ مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز بارے ادارک نہ ہونے کی خامی کو لیڈر شپ صلاحیتوں کا فقدان کہیں گے ، الیکٹرک آلات کی رئیپرنگ ، جدید آلات کی انسٹالیشن ، پمپس اور سپلائی لائنز کی بحالی کے لیے اقدامات کئے جائیں ،چیزوں کو بہتر سمت میں لانے کے لیے موثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھا جائے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ٹیوب ویلز کی یوٹیلائزیشن کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ،آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، افسران عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں ، حکومت کے وسائل عوام کی فلاح کے لیے خرچ کیے جائیں ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شہریوں کے ٹیکس کے ایک ایک پیسے کا تحفظ یقینی بنائیں گے ۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ کارکردگی کو موثر بنائیں ، ہر کام میں بہتری کی گنجائش باقی رہتی ہے ، افسران واٹر سپلائی سکیموں میں موجود خامیوں کا جائزہ لیں اور بتائیں کہ کہاں بہتری کی گنجائش موجود ہے ،جہاں بہتری کی نشاندہی ہوگی ، عوام کی فلاح کے لیے وہاں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نظام کو موثر بنانے کے لیے تمام مطلوبہ دستیاب تمام وسائل کو استعمال میں لائے گی ۔