پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جیل منتقل

پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میںرہنماءپی ٹی آئی کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا، شاہ محمود قریشی کااب تک علاج مکمل نہیں ہوا، میرے موکل کو جیل ٹرائل کیلئے منتقل کیا گیا ہے، وکیل رانا مدثر

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 مئی 2025 16:05

پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جیل ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مئی 2025)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی(پی آئی سی)سے ڈسچارج کر دیا، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا، رہنماء پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی 8 روز تک پی آئی سی میں زیرعلاج رہے تھے۔دل میں تکلیف کی شکایت پر انہیں17مئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے مختلف ٹیسٹ کئے تھے ۔

شاہ محمود قریشی کا طبی معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں پی آئی سی ہسپتال میں داخل کر لیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءکے وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو جیل ٹرائل کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔وکیل رانا مدثر کایہ بھی کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کا اب تک علاج مکمل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود ان کے موکل کو ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں کا پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کو طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ و وکلاءنے اس فیصلے پر تشویش کااظہارکیا تھا۔ خاندان کی جانب سے بھی خدشات ظاہر کئے جا رہے تھے کہ شاہ محمود قریشی کی صحت کو درپیش خطرات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور انہیں قبل از وقت ہسپتال سے واپس جیل منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

اس حوالے سے وکیل رانا مدثر کا بھی کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کا بلڈ پریشر اور ہارٹ ریٹ اب بھی معمول سے زیادہ تھا۔ گزشتہ روزبھی ان کے متعدد ٹیسٹ کئے گئے تھے جن کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں تھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ رپورٹس دیکھے بغیر ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیسے کیا جا سکتا تھا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تھا۔وکیل کا یہ بھی بتانا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد پی آئی سی منتقل کیا گیاتھا۔جیل کے ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا تھا طبیعت نہ سنبھلنے پر شاہ محمود قریشی کو فوری طور پرریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا تھا۔

جیل انتظامیہ نے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دیدی تھی۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا تھا جہاں ان کی ای سی جی نارمل آئی جبکہ ٹروپ آئی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی اور سی بی سی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ کئے گئے تھے۔ ہسپتال ذرائع کا بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی میں تھے۔ حتمی طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی ممکنہ ڈسچارج یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ بعدازاں ڈاکٹروں نے شاہ محمود قریشی کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ابتدائی طبی امداد فراہم کئے جانے کے بعدان کو ہسپتال میں داخل کر لیا تھا۔