جیکب آباد پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 5ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

ہفتہ 24 مئی 2025 17:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) جیکب آباد پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان کو ہاف فرائی کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے ایک ہی رات میں مختلف تھانوں کی حدود میں 5 مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ دلمراد کی پولیس کا میر لاڑو کے مقام پر واردات کے ارادے سے کھڑے جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ ہوگیا پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو حسن علی لغاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، زخمی ڈاکو کے قبضے سے بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول برآمد کرلی گئی، علاوہ ازیں صدر تھانہ کی پولیس ممل روڈ گاؤں ڈاتو رند کے قریب گشت کررہی تھی کہ واردات کے ارادے سے کھڑے جرائم پیشہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں بلوچستان کا رہائشی ایک ملزم ٹھارو عرف دودو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی، تیسرا مقابلہ آباد تھانہ کی حدود میں ہوا، آباد تھانہ کی پولیس نورواہ لنک روڈ مہر شاہ کے قریب گشت کررہی تھی تو جرائم پیشہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم سکندر علی لغاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول برآمد کرلی گئی جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود چاچو شاہ بیلو کے قریب چوتھے پولیس مقابلے میں پولیس نے ایک ملزم شوکت علی عرف برکو سرکی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور شہری سے چھینا گیا موبائل برآمد کرلیا گیا جبکہ زخمی ڈاکو کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، دریں اثناء تھانہ باہو کھوسو کی حدود سرفراز لاڑو کے قریب پولیس گشت کررہی تھی کہ واردات کے ارادے سے کھڑے جرائم پیشہ افراد اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم منیر احمد سرکی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول برآمد کرلی گئی، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے پانچوں مبینہ مقابلوں میں زخمی ہونے والے ملزمان کو علاج کے لیے ضلع کی مختلف اسپتالوں میں داخل کردیا ہے اور گرفتار ملزمان کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔